Tuesday, 4 August 2015

امریکی ایئرلائن کی بڑے شکار کی شپمنٹ پر پابندی

 
امریکی ایئرلائن ڈیلٹا نے زمبابوے میں ’سیسل‘ نامی شیر کی ہلاکت پر ہونے والی بین الاقوامی تنقید کے بعد بڑے جانوروں کی شپمنٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب شیر، گینڈے، چیتے، ہاتھی یا بھینس کی باقیات نہیں لے جائے گی۔
امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے اپنے اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی ہے۔
امریکی ایئر لائن ڈیلٹا کی متعدد افریقی شہروں تک براہ راست پروازیں جاتی ہیں اور انٹرنیٹ پر لوگوں نے اسے اس طرح کی شپمنٹ کی پابندی عائد کرنے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر والٹر پامر نے ’سیسل‘ نامی مشہور شیر کو جولائی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
زمبابوے ’سیسل‘ کی ہلاکت کے سلسلے میں امریکہ سے والٹر پامر کو اپنے حوالے کیے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے علاوہ وہ پینسلوینیا کے ڈاکٹر جین کاسمر سیسکی کو بھی اپنے ملک کے حوالے کیے جانے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ ان پر بھی اپریل میں ایک شیر کو مارنے کا الزام ہے۔  
کہا جاتا ہے کہ والٹر پامر نے ’سیسل‘ کے شکار کے لیے تقریباً 50 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔
زمبابوے کے ہوانگے نیشنل پارک میں رہنے والا یہ شیر سیاحوں کے لیے دلکشی کا باعث تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال تھا یہ شکار قانونی ہے اور وہ سیسل کے زیرِ تحفظ ہونے کے بارے میں آگاہ نہیں تھے۔
امریکی ڈاکٹر والٹر پامر کو انٹرنیٹ پر سیسل کو ہلاک کرنے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔
ڈیلٹا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اعلان کے متعلق صحافیوں کے سوالوں کے جواب نہیں دے گا اور نہ ہی وہ یہ بتائے گا کہ اس نے حالیہ برسوں میں کتنے شکاروں کو ٹرانسپورٹ کیا ہے۔
کمپنی نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ڈیلٹا باضاطہ طور پر شیر، چیتے، ہاتھی، گینڈے اور بھینسے کے سروں کے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرتا ہے اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔‘
خیال رہے کہ ڈیلٹا کا یہ اعلان اس وقت آيا ہے جب کئی دیگر ایئر لائنز نے یہ عندیہ دیا کہ وہ اب شکار کیے ہوئے جانوروں کی شپمنٹ کو روکنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

For more Hum TV Dramas, ARY Dramas, Pakistani Talk Shows, Dramas Online, Drama Online, Urdu Columns, ARY Dramas And Urdu News visit www.bathak.com

No comments:

Post a Comment