Monday, 3 August 2015

ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے امریکہ کا ’کلین پاور‘ منصوبہ


مریکی صدر براک اوباما ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بقول ان کے ’سب سے بڑے اور اہم ترین منصوبے‘ کا اعلان کرنے والے ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے ترمیم شدہ منصوبے ’کلین پاور پلان‘ کے تحت امریکی بجلی گھروں سے 15 سال کے اندر ایک تہائی تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کی جائے گی۔
جبکہ توانائی کے شعبے کے افراد نے اس منصوبے کی مخالفت کا عہد کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے ’کوئلے کے خلاف جنگ‘ کا اعلان کر دیا ہے جو کہ امریکہ میں ایک تہائی بجلی گھروں کو بجلی فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔
ترمیم شدہ منصوبے کا مقصد بجلی گھروں سے سنہ 2005 کی سطح کے مقابلے سنہ 2030 تک کاربن کے اخراج میں 32 فی صد تک کمی کی جائے گي۔
ہر ریاست کو کاربن کے اخراج میں کمی کا ایک ہدف دیا جائے گا اور انھیں اپنی تجاویز ماحولیات کے تحفظ کی ایجنسی (ای پی اے) کے سامنے جمع کرنی ہوگی کہ وہ کس طرح ان اہداف کو پورا کریں گے۔
واشنگٹن میں بی بی سی کے ٹام بیٹ مین کا کہنا ہے کہ صدر اوباما کو یہ امید ہوگي کہ پیر کا ان کا اعلان موسمیاتی تبدیلی پر ان کی وراثت کو تحفظ فراہم کرے گا۔
ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صدر کو گرین ہاؤس گیس کے عالمی سطح پر اخراج میں کمی کے لیے انھیں تقویت فراہم کریں گے کیونکہ اس بابت پیرس میں کانفرنس ہونے والی ہے۔
          
دوسری جانب کئی ریاستوں کے گورنروں کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے کو بس نظر انداز کر دیں گے۔
تنقید کے پیش نظر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ منصوبے کا اجرا ماحولیات کے تعلق سے صدر اور ان کی کابینہ کی جانب سے ابتدائي اقدام ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں صدر اوباما نے کہا کہ دہائیوں کے اعدادوشمار سے قائم کی جانے والے نئی حد کو تقویت ملتی ہے کیونکہ بغیر ان اقدامات کے ہمیں زیادہ سخت موسم اور صحت کے زیادہ مسائل کا سامنا رہے گا۔
صدر اوباما نے کہا: ’ماحولیاتی تبدیلی کسی دوسری نسل کا مسئلہ نہیں ہے۔ اب تو بالکل نہیں۔‘
انھوں نے کہا: ’میری انتظامیہ امریکہ کے کلین پاور پلان کے حتمی منصوبے کا اعلان کر رہا ہے اور یہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اب تک کے سب سے بڑا اور اہم ترین منصوبہ ہے۔

   

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی عہدے کی امیدوار ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ اگر وہ اوباما کو جگہ آتی ہیں تو وہ اس منصوبے کا دفاع کریں گی کیونکہ بقول ان کے ’ریپبلیکن کے پاس کوئی قابل عمل حل نہیں ہے اور سچائی تویہ ہے کہ وہ چاہتے ہی نہیں۔‘
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ منصوبے کے پہلے روپ کے مقابلے اس میں قابل تجدید توانائی کی جانب اہم تبدیلیاں ہیں۔ تاہم یہ امید کی جا رہی ہے کہ امریکہ میں توانائی کی پیداوار میں قدرتی گیس کا حصہ موجودہ سطح تک برقرار رکھا جائے گا۔
امریکہ میں بجلی گھر گرین ہاؤس گیس کے اخراج کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں جن کا حصہ ایک تہائي ہے۔

For more Hum TV Dramas, ARY Dramas, Pakistani Talk Shows, Dramas Online, Drama Online, Urdu Columns, ARY Dramas And Urdu News visit www.bathak.com

No comments:

Post a Comment